ٹریفک حادثات،14زندگیاں نگل گئے

ریس لگاتی بس الٹ جانے سے 6مسافروں نے دم توڑا، 18زخمی ہوئے ،تیز رفتار کاریں لے اور کھائی میں گرنے سے چار، چار افراد چل بسے 
لاہور (کرائم رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)خانیوال ، پسرور اور خیرپور میں تین ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 14افراد جاں بحق، 19زخمی ہوگئے۔پہلا حادثہ خانیوال جہانیاں روڈ پر پرویز والا کے قریب ہوا، جہاں رحیم یار خان سے فیصل آباد جانے والی 2 بسیں ریس لگا رہی تھیں کہ ایک بس آگے نکل گئی جبکہ دوسری تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے الٹ گئی اور ایک خاندان کے 3افراد سمیت 6 افراد چل بسے، 18 زخمی ہوئے۔ مرنے والوں میں 75 سالہ معراج دین سکنہ بہاولپور، 80 سالہ منظوراں بی بی سکنہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، 65 سالہ عشرت بی بی سکنہ بہاولپور ،45 سالہ ساجدہ بی بی اور دو نامعلوم شامل ہیں۔تمام زخمیوں کو جہانیاں، خانیوال اور نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا گیا،3 کی حالت تشویشناک ہے۔دوسرا حادثہ پسرور کے نواحی علاقے جاہر میں ہوا، جہاں ڈرائیور تیز رفتار کارپرقابو نہ رکھ سکا اور کار سیلابی پانی سے بھرے نالے میں گرنے سیموضع چوبارہ کے رہائشی 4افراد دم توڑ گئے،جن میں عمر شیخ ، علی ،سائیں احمد اور احمد شامل ہیں۔تیسرا حادثہ سندھ کے ضلع خیرپور میں ہوا، جہاں تیز رفتار کار بے قابو ہوکر کھائی میں گرنے سے ایک خاندان کے دو بچوں سمیت4 افراد جاں بحق ، ایک شدید زخمی ہوا۔ مرنے والوں کی شناخت 5 سالہ سمیرا، 6 سالہ اقصیٰ، 30 سالہ عبدالرحمن اور خاتون مراد سنجرانی کے ناموں سے ہوئی۔