اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پر کمیشن بنانے کی درخواست خارج کر دی۔
عدالت نے یہ فیصلہ درخواست گزار کی جانب سے پیروی نہ کرنے پر سنایا۔ کیس کی کال کے وقت درخواست گزار عدالت میں موجود نہیں تھے، جس پر جسٹس محمد آصف نے درخواست عدم پیروی کی بنیاد پر نمٹا دی۔یاد رہے کہ 2021 میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی ایک مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی، جس میں پانامہ کیس کے فیصلے سے متعلق ہدایات دینے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ اس آڈیو پر سندھ ہائی کورٹ بار کے سابق صدر صلاح الدین نے کمیشن بنانے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ اس کیس کی سماعت سابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے کی تھی اور دلائل کے بعد درخواست قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔