اسحاق ڈار ہنگامی عرب اسلامی سربراہ اجلاس کیلئے دوحہ پہنچ گئے

‘پاک مصر وزرائے خارجہ کی قطر و دیگر مسلم اقوام پر غیر قانونی اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی
اسلام آباد(آن لائن)نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار دوحہ پہنچ گئے جہاں وہ اسرائیلی حملے کے خلاف ہنگامی عرب اسلامک سربراہ اجلاس سے قبل وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پاکستان کے وفد  کی قیادت کریں گے۔وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دوحہ آمد پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کا استقبال پاکستان کے سفیر برائے قطر، پاکستان کے مستقل نمائندہ برائے او آئی سی اور قطری حکومت کے اعلیٰ حکام نے کیا۔ادھرنائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر االعاطی سے ملاقات ہوئی۔ نائب وزیراعظم اور مصری وزیر خارجہ کی ملاقات دوحہ میں عرب اسلامک سمٹ کی سائیڈ لائنز پر ہوئی ۔پاک مصر وزرائے خارجہ کی قطر اور دیگر مسلم اقوام پر غیر قانونی اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت پاک مصر وزرائے خارجہ نے اسرائیلی حملوں کو قطر کی خود مختاری اور بین الاقوامی قوانین کی صریحا خلاف ورزی قرار دیا ۔پاکستان اور مصر نے فلسطینی عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مسلم امہ کے درمیان فوری اتحاد و یگانگت کی ضرورت پر زوردیا۔