مصری شاہ کی ریویمپنگ منظور،20سڑکیں اپ گریڈہونگی

379 گلیوں کی تعمیر و بحالی ، نکاسی آب ، بلڈنگز کی بہتری کیلئے تیاریاں تیز
لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب حکومت نے ریویمپنگ آف مصری شاہ ایریا کی باضابطہ منظوری دیدی جسکی ذمہ داری ٹیپا کودی گئی ہے۔منصوبے کے تحت14کلومیٹر طویل 20 سڑکوں کی اپ گریڈیشن ہوگی جس پر چھ سو ملین روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔یہ سڑکیں ناصرف کشادہ کی جائینگی بلکہ انکے اطراف جدید انفراسٹرکچر بھی تیار کیا جائیگا۔منصوبے کا سب سے بڑا جزو مصری شاہ کی 379 گلیوں کی تعمیر و بحالی ہے۔ان گلیوں کی مجموعی لمبائی ستر کلومیٹر ہیاور ان پر پانچ ہزار تین سو اکتالیس ملین روپے لاگت آئیگی، ماڈرن ڈرینج سسٹم اور نیو روڈ ڈیزائن کے ذریعے علاقے کو جدید خطوط پر ڈھالا جائیگا۔ ایک موریہ پل، دو موریہ پل اور ریلوے ٹریک ایریا کی بحالی بھی اسی منصوبے کا حصہ ہے۔ان تمام کاموں پر تین سو ملین روپے لاگت آئیگی۔ علاقے میں پبلک بلڈنگز اور ریلوے انفراسٹرکچر کو بھی اپ گریڈ کیا جائیگا۔ ریویمپنگ آف مصری شاہ ایریا منصوبے کی مجموعی لاگت چھ ہزار نو سو انہتر ملین روپے ہے۔ٹیپا نے منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے، حکومتی منظوری کے بعد ترقیاتی کاموں کی تیاریاں تیز کر دی گئیں۔منصوبہ مرحلہ وار مکمل کیا جائیگا، سڑکوں کی کشادگی، نکاسی آب کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔