پنجاب کی فضا بدستورمضر صحت صوبائی دارلحکومت کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 474،فیصل آبادکا 626ریکارڈ
لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور سمیت پنجاب میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی، مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس انتہائی تشویشناک سطح تک جا پہنچا ،صوبائی دارالحکومت آلودہ ترین شہروں میں جمعہ کے روز پھر سرفہرست آگیا، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 474 کو چھو گیا ہے۔ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق لاہور کے علاقے سید مراتب علی روڈ کا اے کیو آئی 804، گلبرگ 678، ڈی ایچ اے 569، پنجاب یونیورسٹی کے اطراف 468 اور ماڈل ٹآن کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 471 ریکارڈ کیا گیا ۔اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں فیصل آباد میں اے کیو آئی 626 اور گوجرانوالہ میں 515 تک پہنچ گیا، پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی گیارہویں نمبر پر جبکہ دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی کا 12 واں نمبر ہے۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو ماسک استعمال کرنے، غیر ضروری باہر آنے جانے سے گریز کرنے اور گھروں میں ایئر پیوریفائر کا استعمال بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔ ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ فصلوں کی باقیات جلانے، ٹریفک کے دبآ اور صنعتی اخراج کے باعث شہر کی فضا بدترین آلودگی کا شکار ہو رہی ہے۔