ویب ڈیسک:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے سموگ کے مسئلے پر بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کو خط لکھنے کے عندیے نے ایک نیا تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔
بھگونت مان نے اس پر طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز، جو نواز شریف کی بیٹی ہیں، نے کہا ہے کہ بھارتی پنجاب کا دھواں لاہور پہنچ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہلی والے بھی پاکستان پر الزام لگاتے ہیں کہ لاہور کا دھواں دہلی پہنچتا ہے، اور سوال اٹھایا کہ کیا دھواں دونوں جانب چکر لگا رہا ہے؟بھگونت مان نے اس معاملے کو دونوں ممالک کے لیے پیچیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تناؤ کے بجائے فضائی آلودگی پر تعاون کی ضرورت ہے۔ مریم نواز نے لاہور کی ایک تقریب میں اسموگ کو ایک انسانی مسئلہ قرار دیا تھا اور زور دیا کہ یہ صرف ایک ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے خطے کے لیے ایک چیلنج ہے، جس پر پاک بھارت سفارتی کوششوں کی ضرورت ہے۔یہ مسئلہ خاص طور پر بھارت کے پنجاب اور ہریانہ میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے سے پیدا ہوتا ہے، جس سے سرحدی علاقوں میں آلودگی پھیلتی ہے۔ دونوں جانب حکومتی سطح پر تعاون اور عملی اقدامات کے بغیر اس مسئلے کو حل کرنا مشکل دکھائی دیتا ہے۔