سموگ کا مسئلہ راتوں رات حل نہیں ہوگا، مریم نواز

سموگ کا مسئلہ راتوں رات حل نہیں ہوگا، مریم نواز

ویب ڈیسک:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سموگ کا مسئلہ برسوں پرانا ہے اور راتوں رات اس کا حل ممکن نہیں ہے، تاہم اگلے چند سالوں میں اس پر قابو پانے کی کوشش کی جائے گی۔

جنیوا سے لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں سموگ جیسے سنجیدہ مسئلے پر توجہ نہیں دی گئی، لیکن موجودہ حکومت اس پر جامع اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، جس سے امید ہے کہ مشکلات جلد حل ہوں گی۔دوسری جانب، وزیر دفاع خواجہ آصف نے سموگ کے معاملے پر مختلف وجوہات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور نوکر شاہی عوام کو مختلف بیانات سے مطمئن کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جیسے کہ فصلوں کی باقیات جلانے یا بھارت سے سموگ آنے کو ذمہ دار قرار دینا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی طور پر بھی فصلوں کی باقیات جلائی جاتی رہی ہیں، تاہم لاہور میں سموگ کی ایک بڑی وجہ ٹرانسپورٹ سے پیدا ہونے والے گرین ہاؤس گیسز ہیں۔ ان کے مطابق شہر میں 127 گرین ہاؤس گیسز کا اخراج ٹرانسپورٹ سے ہوتا ہے، جو سموگ کی شدت کو بڑھاتا ہے۔حکومت پنجاب سموگ پر قابو پانے کے لیے پالیسی سازی پر کام کر رہی ہے اور ٹرانسپورٹ، صنعتوں اور فصلوں کی باقیات سے نکلنے والے دھویں کو کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لے رہی ہے۔