چار تاریخی مساجد اور مزار شامل ، متبادل مقامات پر نئی تعمیرات کا بھی فیصلہ
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور کے تاریخی اندرون سرکلر روڈ کی بحالی، توسیع اور تزئین و آرائش کا منصوبہ۔اربوں روپے کے اس منصوبے میں چار تاریخی مساجد اور ایک مزار کی جزوی منتقلی اور ازسرِ نو تعمیر شامل کر لی گئی۔ایل ڈی اے نے مذہبی مقامات کی منتقلی کے لیے پنجاب حکومت سے اجازت طلب کر لی جبکہ متبادل مقامات پر نئی تعمیرات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔دستاویزات کے مطابق لاہور کے قدیم ترین اور تاریخی علاقے اندرون سرکلر روڈ کی بحالی، توسیع اور خوبصورتی کے لیے بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے،منصوبے کے دوران بعض مذہبی مقامات بھی توسیعی حدود میں آ گئے ہیں، جس کے باعث چار مساجد اور ایک مزار کو جزوی طور پر مسمار کرکے منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ایل ڈی اے نے اس حساس مرحلے کے لیے پنجاب حکومت سے باقاعدہ اجازت طلب کر لی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے میں شامل مسجد باغ والی، مسجد ٹھنڈی کھوئی، شاہ محمد غوث مسجد، شاہ محمود غوث دربار اور جامع مسجد نور پر نشانات لگا دیئے گئے ہیں تاکہ توسیعی کام کے لیے حدود کا تعین کیا جا سکے۔ متاثر ہونے والی مساجد اور دربار کو متبادل مقامات پر ازسر نو تعمیر کر کے دیا جائے گا۔