عوام مہنگائی کے لیے تیار ہو جائیں، آئی ایم ایف نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

عوام مہنگائی کے لیے تیار ہو جائیں، آئی ایم ایف نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے اپنی تازہ اسٹاف کنٹری رپورٹ میں پاکستان کی معیشت سے متعلق اہم پیشگوئیاں جاری کی ہیں، جن کے مطابق آئندہ مالی سال میں مہنگائی میں اضافہ متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں آئندہ مالی سال کے دوران اوسط مہنگائی 8.4 فیصد تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال میں یہ شرح 4.5 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔آئی ایم ایف کے مطابق معاشی ترقی کی رفتار بھی دباؤ کا شکار رہ سکتی ہے۔ رواں مالی سال کے لیے پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.6 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جو حکومت کے مقررہ ہدف 4.2 فیصد سے کم ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران بھی معاشی ترقی کی رفتار محدود رہ سکتی ہے، جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے منفی 0.9 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔ رواں مالی سال یہ خسارہ منفی 0.4 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بیروزگاری سے متعلق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال شرح 6.9 فیصد رہنے کا امکان ہے، جو گزشتہ سال 7.1 فیصد تھی، یعنی معمولی بہتری متوقع ہے۔دوسری جانب زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال ذخائر 17.53 ارب ڈالر جبکہ آئندہ مالی سال بڑھ کر 20.91 ارب ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں۔ماہرین کے مطابق رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگرچہ کچھ معاشی اشاریوں میں استحکام کے آثار ہیں، تاہم مہنگائی کا دباؤ عوام کے لیے بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔