امریکا اور حوثیوں کے درمیان جنگ بندی، اہم پیش رفت ہے: پاکستان

امریکا اور حوثیوں کے درمیان جنگ بندی، اہم پیش رفت ہے: پاکستان

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے عالمی سلامتی کے خطرات کو کم کرنے کے لیے جامع سیاسی عمل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

 انہوں نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یمن کے حوثی باغیوں کے ساتھ جنگ بندی کے اعلان کو قابل تعریف قرار دیا ہے۔عاصم افتخار نے عرب میڈیا کو بتایا کہ جنگ بندی کے حوالے سے عالمی اتفاق رائے بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے گا، جو علاقائی استحکام میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ موقع ضائع نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی اس کا غلط فائدہ اٹھایا جانا چاہیے بلکہ یمن کے اندرونی سیاسی تنازعات کے حل کے لیے جامع سیاسی عمل کو آگے بڑھانا ضروری ہے۔

انہوں نے یمن کی انسانی صورتحال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہاں ساڑھے 19 ملین افراد کو فوری امداد کی ضرورت ہے جن میں سے 17.1 ملین شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ 12 ملین نوجوان بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ یمن کے اندرونی خلفشار کو ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کی زیر نگرانی یمن کے لوگوں کو اپنی قیادت منتخب کرنے میں مدد فراہم کی جائے تاکہ ایک پائیدار اور جامع سیاسی حل سامنے آ سکے۔