انصاف اور میرٹ کی بالادستی کسی سعادت سے کم نہیں:ڈی آئی جی

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ مساجد میں بیٹھ کر انصاف اور میرٹ کی بالادستی کے لیے کام کرنا کسی سعادت سے کم نہیں۔ کوشش ہے کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر سنے اور حل کیے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد رحمانیہ غوثیہ، جناح پارک سلطان پورہ میں کھلی کچہری کے دوران نمازیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کے مسائل سنے اور میرت پر فوری حل کی یقین دہانی کروائی۔ فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل حل کرنا بھی اولین ترجیح ہے۔شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے لاہور میں مساجد کے اندر کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے درمیان بیٹھنے کا مقصد ان کے تمام خوف دور کرنا ہے، تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنی شکایات بیان کر سکیں۔پولیس عوام کی خدمت اور سکیورٹی کے لیے ہر وقت تیار ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی شہری کی شکایت کا ازالہ نہ ہو تو وہ بلا جھجک میرے دفتر آ سکتا ہے۔ کھلی کچہری میں ایس پی سکیورٹی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔