عالمی اور مقامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ

عالمی اور مقامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ

سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں آج اچانک بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتیں نئی بلند سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے، امریکی بحری ناکہ بندی میں نرمی کے اعلانات اور تیل کی عالمی قیمتوں میں تقریباً 4 فیصد کمی جیسے عوامل نے عالمی مالیاتی منڈیوں کو متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کا رجحان دوبارہ سونے اور چاندی کی جانب بڑھ گیا ہے۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں پیر کے روز فی اونس سونے کی قیمت مسلسل تیسرے روز بھی بڑھتے ہوئے 108 ڈالر کے اضافے کے ساتھ 4,327 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔اسی طرح مقامی صرافہ بازاروں میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 10,800 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 55 ہزار 136 روپے تک پہنچ گئی۔ فی 10 گرام سونا بھی 9,720 روپے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 89 ہزار 600 روپے میں ٹریڈ ہوا۔

چاندی کی عالمی مارکیٹ میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی اونس قیمت 2 ڈالر 30 سینٹس بڑھ کر 70 ڈالر 30 سینٹس تک پہنچ گئی۔ اس کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی پڑے، جہاں فی تولہ چاندی 230 روپے اضافے سے 7,509 روپے اور فی 10 گرام چاندی 197 روپے اضافے کے بعد 6,396 روپے پر پہنچ گئی۔ماہرین کے مطابق عالمی سیاسی اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث قیمتی دھاتوں کی طلب میں اضافہ جاری رہ سکتا ہے۔