فیفا ورلڈ کپ میں جاپانی شائقین کا مثالی رویہ، عالمی سطح پر واہ واہ

فیفا ورلڈ کپ میں جاپانی شائقین کا مثالی رویہ، عالمی سطح پر واہ واہ

ڈیلاس: فیفا ورلڈ کپ 2026 میں نیدرلینڈز کے خلاف دلچسپ میچ کے بعد جاپانی شائقین نے ایک بار پھر اپنے مثالی رویے سے دنیا بھر کی توجہ حاصل کر لی۔

ٹیکساس کے ڈیلاس اسٹیڈیم میں میچ ختم ہونے کے بعد جہاں زیادہ تر تماشائی واپس روانہ ہو گئے، وہیں جاپانی مداح اپنی نشستوں کے اطراف صفائی میں مصروف نظر آئے۔عام طور پر کھیلوں کے مقابلوں کے بعد اسٹیڈیم میں کھانے کے ڈبے، خالی بوتلیں اور دیگر کچرا بکھرا رہ جاتا ہے، تاہم جاپانی شائقین نے روانگی سے قبل تمام فضلہ اکٹھا کر کے اپنی ذمہ داری اور نظم و ضبط کا عملی مظاہرہ کیا۔یہ رویہ جاپانی مداحوں کے لیے کوئی نیا نہیں۔ اس سے قبل بھی وہ 1998، 2018 اور 2022 کے فیفا ورلڈ کپ سمیت مختلف بین الاقوامی ایونٹس میں اسی طرح صفائی اور تہذیب کا مظاہرہ کر چکے ہیں، جسے عالمی سطح پر خوب سراہا گیا۔

ماہرین کے مطابق جاپانی ثقافت میں صفائی، نظم و ضبط اور اجتماعی ذمہ داری کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ بچپن سے دی جانے والی تربیت کے باعث جاپانی عوام ہر جگہ اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ وہ جگہ اپنے پیچھے ویسی ہی چھوڑیں جیسی انہیں ملی ہو۔سوشل میڈیا پر بھی جاپانی شائقین کے اس رویے کو بے حد سراہا جا رہا ہے اور اسے کھیل کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت کی ایک شاندار مثال قرار دیا جا رہا ہے۔