ڈیفنس حادثہ: 6 افراد کی ہلاکت پر کم عمر ملزم افنان اور والد پر فردِ جرم عائد

ڈیفنس حادثہ: 6 افراد کی ہلاکت پر کم عمر ملزم افنان اور والد پر فردِ جرم عائد

لاہور: ڈیفنس میں تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے ہولناک کار حادثے کے کیس میں کم عمر ملزم افنان اور اس کے والد شفقت علی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے، جہاں عدالت نے دونوں ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج عرفان حیدر نے مقدمے کی سماعت کی۔ ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کیا، جس پر عدالت نے پراسیکیوشن کے گواہان کو 22 اگست کے لیے شہادت کے لیے طلب کر لیا۔یاد رہے کہ یہ حادثہ لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس میں پیش آیا تھا، جہاں کم عمر افنان کی تیز رفتار کار کی ٹکر سے 6 قیمتی جانیں ضائع ہو گئی تھیں۔ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔ عدالت ملزمان کی فرد جرم عائد نہ کرنے کی درخواست پہلے ہی مسترد کر چکی ہے۔پراسیکیوشن کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ یہ واقعہ لاپروائی کا نہیں بلکہ دانستہ غفلت اور سماجی بے حسی کی سنگین مثال ہے، جس میں بے گناہ شہریوں کی زندگیاں ضائع ہوئیں۔