لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پنجاب پولیس کی قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی سمیت سنگین جرائم میں ملوث بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جس کے تسلسل میں قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری بدر منیرکو ناروے سے واپسی پر ائیر پورٹ سے گرفتارکر لیا گیا۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پنجاب پولیس نے بدر منیر کا نام پرویڑنل نیشنل آئی ڈنٹیفیکیشن لسٹ (PNIL) میں شامل کروایا تھا۔ائیر پورٹ امیگریشن کلیرنس کے دوران انٹر بارڈر مینجمنٹ سسٹم پر کریمینل ڈیٹا میں نشاندہی پر ملزم کو گرفتار کیا گیا۔اشتہاری مجرم نے 2011 میں گجرات عدالت پیشی پر آئے ملزم سرخاں محمد کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔اشتہاری بدر منیر کو مزید قانونی کاروائی کیلئے گجرات پولیس کے حوالے کر دیا گیاہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ رواں سال بیرون ملک سے گرفتار مفرور اشتہاری مجرمان کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے خطرناک اشتہاری کی گرفتاری پر آر پی او گوجرانوالہ، ڈی پی او گجرات اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے۔ڈاکٹر عثمان انورنے ہدایت کی کہ ایف آئی اے، انٹرپول اور دیگر اداروں کے تعاون سے مزید مفرور اشتہاری مجرمان کی گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں۔