عدالت پیش ، مزید کارروائی کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے
لاہور(کرائم رپورٹر)کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کے الزام میں گرفتار ہونے والے دو سابقہ ایس ایچ اوز کورات بھر حوالات میں گزارنے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران کے مطابق گرفتار ایس ایچ اوز کو مزید کارروائی کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ پولیس میں سخت ترین احتساب کا عمل جاری ہے۔ اختیارات کے ناجائز استعمال پر اسی طرح سخت کارروائی ہوتی رہے گی۔فیصل کامران نے کہا کہ ایس ایچ اوز کی اْن کے اپنے ہی تھانے میں گرفتاری ایک واضح پیغام ہے کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔ محکمہ پولیس میں چند کالی بھیڑیں سخت حالات میں ڈیوٹی کرنے والے ایماندار افسران کو بدنام کرتی ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف سخت محکمانہ اور عدالتی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ دس ماہ میں کرپشن و اختیارات سے تجاوز کرنے پر 300 سے زائد افسران و اہلکاروں کو سزائیں دی جا چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے لیے وبالِ جان بننے والے کسی بھی افسر یا اہلکار کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں۔فیصل کامران نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ''یاد رکھیں، اگر کوئی جرم کرے گا تو اس کے خلاف لازمی کارروائی ہو گی۔