لاہور میں سموگ کا راج بدستور برقرار ہے، جس کے باعث لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر آ گیا ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 181 ریکارڈ کی گئی۔ مختلف علاقوں میں آلودگی کی صورتحال تشویشناک رہی، جہاں جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 602، سول سیکرٹریٹ میں 583، کینٹ میں 352، عسکری ٹین میں 268، برکی روڈ پر 232، اقبال ٹاؤن میں 203 جبکہ گلبرگ ٹو میں آلودگی کی شرح 187 ریکارڈ کی گئی۔ماہرین کے مطابق بعض علاقوں میں آلودگی کی سطح انتہائی مضر صحت حد تک پہنچ چکی ہے، جس کے باعث شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب شہر کا موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 92 فیصد ہے جبکہ 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ آج شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں، جس کے باعث سموگ کی شدت برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔محکمہ صحت اور ماحولیاتی ماہرین نے شہریوں کو ماسک کے استعمال، کھلی فضا میں ورزش سے پرہیز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔