نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار نے کینیڈا کی وزیرِخارجہ انیتا آنند سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت خطے اور عالمی سطح پر جاری اہم پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا
پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کی حمایت جاری رکھے گا۔دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی قریبی رابطے برقرار رکھنے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا
اسلام آباد ( آن لائن) نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار نے کینیڈا کی وزیرِخارجہ انیتا آنند سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت خطے اور عالمی سطح پر جاری اہم پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات اور بالخصوص امریکہ اور ایران کے درمیان جاری بات چیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کینیڈا کی وزیرِخارجہ نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کی مکمل پابندی یقینی بنائیں اور مسائل کے حل کے لیے پرامن ذرائع کو ترجیح دیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کی حمایت جاری رکھے گا۔دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی قریبی رابطے برقرار رکھنے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔