لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کی جانب سے اشتہاری و عادی مجرمان اور عدالتی مفروران کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں رواں سال 8ہزار440 سے زائد اشتہاری مجرمان6ہزار670 عدالتی مفرور اور2ہزار900 سے زائد عادی مجرمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ کینٹڈویژن سے1849، سول لائنزسے742، سٹی سے1751، اقبال ٹاؤن سے1728، صدرسے1154اورماڈل ٹاؤن سے1219 اشتہاری مجرمان گرفتارکئے گئے۔اسی طرح کینٹڈویژن سے1260،سول لائنزسے792، سٹی سے1412، اقبال ٹاؤن سے1898، صدرسے 641اورماڈل ٹاؤن سے667عدالتی مفرور زیر حراست لیے گئے۔جبکہ کینٹڈویژن سے426،سول لائنزسے246، سٹی سے911، اقبال ٹاؤن سے720، صدرسے 322اورماڈل ٹاؤن سے278عادی مجرمان پابند سلاسل کئے گئے ہیں۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ اشتہاری و عادی مجرمان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ اشتہاری و عادی مجرمان کی گرفتاری سے کرائم کنٹرول میں بہتری آئی ہے۔سی سی پی او لاہو ر نے اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے جاری کارروائیوں کو مدعیوں سے مسلسل رابطے اور انفارمیشن شیئرنگ سے مزید موثر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ جرائم کی روک تھام اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے ہارڈ کور پولیسنگ اپنائی جائے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ مجرمان کی گرفتاری کیلئے آپریشنزاور انوسٹی گیشن ونگز مشترکہ کارروائیاں کریں۔انہوں نے کہا کہ ہیومن انٹیلی جنس اورجدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اشتہاری مجرمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ موثرتفتیش سے مقدمات کے چالان جلدمکمل کرکے مجرمان کو قرارواقعی سزائیں دلوائی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اشتہاری و عادی مجرمان اور عدالتی مفروران کی گرفتاری کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی نظر رکھی جائے۔