ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں سبزیوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر نرخ کم کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
وزیراعلیٰ کی زیرِ صدارت ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب بھر میں سبزیوں کے لیے یکساں طرز کی ریڑھیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کے نرخ میں اضافہ ناقابلِ قبول ہے، عوام کو معاشی ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر دکان پر نمایاں نرخ نامہ آویزاں کیا جائے، جبکہ بازاروں کے داخلی راستوں پر بھی سرکاری ریٹ لسٹ نصب کی جائے۔پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے اجلاس میں سٹریٹجک پلان پیش کیا، جس کے تحت ایک ڈیجیٹل ایپلی کیشن کے ذریعے سنٹرل ڈیش بورڈ پر سبزیوں کی فراہمی، نرخ، اسٹاک اور آمد کے ڈیٹا کی نگرانی کی جائے گی۔ اس سسٹم کے ذریعے منڈیوں میں ٹرکوں کی ٹریکنگ بھی ممکن ہوگی۔
اجلاس میں پنجاب بھر کی 239 سبزی منڈیوں اور کاشتکار بازاروں کی یکساں برانڈنگ کا فیصلہ کیا گیا، جن میں ایک جیسے شیڈز، یونیفارم اور دکانوں کا ڈیزائن شامل ہوگا۔ منڈیوں میں صفائی کے لیے میکینکل سویپرز استعمال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔مزید برآں، اجلاس میں نگہبان رمضان پیکج اور ہر محلے میں سستے اسٹال لگانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ حکومتی اقدامات کے عوامی سطح پر واضح اثرات نظر آنے چاہئیں اور سبزیوں کی طلب کا پیشگی اندازہ لگا کر انتظامات کیے جائیں تاکہ قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے۔