عیدِ قرباں کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مہنگائی کا سامنا ہے۔
سرکاری نرخ ناموں اور بازار میں فروخت ہونے والی قیمتوں کے درمیان واضح فرق نے عوامی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق لیموں کی سرکاری قیمت 277 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم بازار میں یہ 700 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح لہسن چائنہ کی سرکاری قیمت 450 روپے ہے جبکہ مارکیٹ میں اس کی قیمت 600 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ادرک تھائی لینڈ 275 روپے کی بجائے 400 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ پیاز جس کی سرکاری قیمت 60 روپے مقرر ہے، بازار میں 80 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ٹماٹر کی سرکاری قیمت 32 روپے فی کلو ہونے کے باوجود مارکیٹ میں یہ 50 روپے میں دستیاب ہے۔ آلو درجہ اول 20 روپے کی بجائے 40 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جس سے عام صارفین کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔
دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ کریلا 90 روپے کی بجائے 150 روپے فی کلو، شملا مرچ 70 روپے کی بجائے 100 روپے فی کلو جبکہ سبز مرچ 90 روپے کی بجائے 120 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔اسی طرح بند گوبھی 45 روپے کے بجائے 80 روپے فی کلو اور پھول گوبھی 120 روپے کی بجائے 150 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مہنگائی کے اس دباؤ میں عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔