عمران خان کا سیاسی پابندیوں اور مقدمات کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع، جوڈیشل انکوائری کی درخواست

عمران خان کا سیاسی پابندیوں اور مقدمات کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع، جوڈیشل انکوائری کی درخواست

ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ میں مقدمات کے اندراج اور سیاسی پابندیوں کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔

یہ درخواست آئین کے آرٹیکل 184 کی شق 3 کے تحت دائر کی گئی ہے، جس میں انہوں نے مختلف حکومتی اداروں بشمول وزارت داخلہ، وزارت قانون، وزارت دفاع، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، اور چاروں صوبوں کے انسپکٹر جنرلز کو فریق بنایا ہے، جن کی تعداد کل 15 ہے۔عمران خان نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں ایک تین رکنی جوڈیشل انکوائری کمیشن تشکیل دیا جائے، جس میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر بھی شامل ہوں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ یہ کمیشن پی ٹی آئی اور اس کی قیادت کے خلاف کیے گئے مبینہ مظالم کی تحقیقات کرے۔

درخواست میں عمران خان نے مزید استدعا کی ہے کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، پرامن احتجاج اور اظہار رائے کی آزادی کو برقرار رکھا جائے، اور شفاف ٹرائل کی ضمانت دی جائے۔ عمران خان نے سپریم کورٹ سے دفعہ 144 کے غلط استعمال کو روکنے، ایم پی او (مینٹیننس آف پبلک آرڈر) کے تحت امتیازی گرفتاریوں کو ختم کرنے، اور ایک ہی شخص کے خلاف بار بار ایف آئی آر درج کرنے کی کارروائیوں کو روکنے کی درخواست کی ہے۔اس کے علاوہ، عمران خان نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کو سیاسی جلسے اور ریلیاں منعقد کرنے کی اجازت دی جائے اور احتجاج کرنے والے سیاسی کارکنان کے خلاف کارروائیاں روکی جائیں۔