حکومت پاکستان چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے‘ دہشتگردی ختم کرنے کیلئے پر عزم ہیں:چین کے نائب وزیراعظم کو یقین دہانی
موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے بروقت اقدامات نہ کئے تو بہت نقصان ہوگا،سیلاب کے باعث پاکستان کو 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا ، پاکستان کو عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے
پا کستان متبادل توانائی کے ذرائع میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے، محفوظ مستقبل کیلئے ماحولیاتی تحفظ پر ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا:وزیر اعظم کاباکو میں کوپ۔ 29کانفرنس سے خطاب
باکو(آئی این پی‘آن لائن ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو مستقبل میں بہت نقصان ہوگا،سیلاب کے باعث پاکستان کو 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا ، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے۔ان خیالات کااظہار وزیر اعظم نے آذربائیجان کے درالحکومت باکو میں کوپ۔ 29کانفرنس کے دوسرے اور آخری روز اپنے خطاب میں کیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی گزشتہ دو ماحولیاتی کانفرنس کاپ 27 اور 28 کے دوران کیے گئے مالیاتی اعلانات پر تاحال عمل نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ کوپ 29 کے دوران یہ بات واضح اور واشگاف ہونی چاہیے کہ ہمیں کوپ 27 اور کوپ 28 کے دوران کیے گئے مالیاتی وعدوں کو پورا کرنا ہوگا، اور میں سمجھتا ہوں کہ ان بڑے مالیاتی وعدوں کو عملی شکل دی جانی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس کا مقصد ان تباہ کن واقعات کو سمجھنا ہے جن کا بد قسمتی سے کچھ ممالک پہلے ہی سامنا کرچکے جب کہ اگر ہم نے اقدامات نہ کیے تو کچھ ملک ان کا سامنا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سربراہی اجلاس کے انعقاد پر میزبان صدر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان نے 2022 میں تباہ کن سیلاب کا سامنا کیا، موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان کو شدید نقصان ہوا، بیشتر ممالک کو ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 ممالک میں شامل ہے، دنیا نے موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والے نقصانات پر پاکستان کی امداد کے وعدے کئے، کاپ 28 میں کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان کی طرح دیگر ممالک بھی تباہ کن سیلاب جیسی صورتحال کا سامنا کریں، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہا ہے، ہم نیشنل کاربن مارکیٹ فریم ورک پر کام کر رہے ہیں، دنیا کو پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنا ہوگی۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان متبادل توانائی کے ذرائع میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے، محفوظ مستقبل کیلئے ماحولیاتی تحفظ پر ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا،موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے کاپ 29 ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، اگر ہم نے بروقت اقدامات نہ کئے تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف کی چین کے نائب وزیرِ اعظم عزت مآب ڈنگ شوئیشیانگ سے کاپ-29 کے کلائیمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔ملاقات میں پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔ملاقات میں وزیرِ اعظم نے چینی وزیرِ اعظم کے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مضبوطی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا۔ملاقات میں چینی شہریوں کی پاکستان میں سیکیورٹی کیلئے حکومتی اقدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا حکومت پاکستان چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔وزیرِ اعظم نے حکومت کے دھشتگردی کی عفریت کے پاکستان سے مکمل خاتمے کیلئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک سے دھشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ دینے کیلئے پر عزم ہے۔چینی نائب وزیرِ اعظم نے پاکستان کے ساتھ مل کر سیکیورٹی چیلنجز کو عبور کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے پاک-چین تعاون میں وسعت کی خواہش کا اظہارکیا۔آذربائیجان کے صدر عزت مآب الہام علیوف سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور دیگر علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا