ہلالِ امتیاز ملنے پر شاہد آفریدی کا جذباتی اظہارِ تشکر

ہلالِ امتیاز ملنے پر شاہد آفریدی کا جذباتی اظہارِ تشکر

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ صدرِ پاکستان کی جانب سے ملنے والا ہلالِ امتیاز ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے، اور وہ اسے صرف اپنی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کی کامیابی سمجھتے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر اپنی اہلیہ اور صاحبزادی کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے لکھا کہ یہ اعزاز صرف ان کا نہیں بلکہ پوری قوم کا ہے، کیونکہ عوام کی محبت، دعاؤں اور مسلسل سپورٹ نے انہیں اس مقام تک پہنچایا۔انہوں نے اپنے پیغام میں اس اعزاز کو شہداء کے نام بھی کیا اور کہا کہ جن عظیم قربانیوں کے باعث وطن قائم ہے، یہ ایوارڈ ان بہادر شہداء کے نام بھی منسوب ہے۔ شاہد آفریدی نے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے۔واضح رہے کہ ایوانِ صدر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شاہد آفریدی کو کھیلوں کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز سے نوازا۔

شاہد آفریدی کو یہ اعزاز ان کے طویل کرکٹ کیریئر اور پاکستان کرکٹ کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے، جہاں انہوں نے بطور آل راؤنڈر اور سابق کپتان ملک کی نمائندگی کی۔ماہرین کے مطابق یہ اعزاز پاکستان کرکٹ کے لیے بھی ایک اہم لمحہ ہے، کیونکہ شاہد آفریدی ملک کے مقبول ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کی عالمی سطح پر بھی بڑی فین فالوونگ موجود ہے۔