لاہور سپورٹس سٹی: جدید منصوبے کیلئے زمین کے حصول کا عمل جاری

لاہور سپورٹس سٹی: جدید منصوبے کیلئے زمین کے حصول کا عمل جاری

پنجاب میں سپورٹس سٹی کے قیام کے منصوبے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت لاہور میں پاکستان کا پہلا جدید سپورٹس سٹی قائم کیا جائے گا۔

 اس منصوبے کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا اور اسے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔اس حوالے سے سپورٹس پنجاب کے سیکرٹری فضل الرحمان اور راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (RUDA) کے سی ای او عمران امین کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ملاقات کے دوران سپورٹس سٹی کے لیے زمین کے حصول، اس کی حدبندی اور تعمیراتی پلاننگ پر بھی غور کیا گیا۔ حکام کے مطابق RUDA اس منصوبے کے لیے زمین ایکوائر کرنے کے عمل میں مصروف ہے تاکہ جلد تعمیراتی کام کا آغاز کیا جا سکے۔سیکرٹری سپورٹس فضل الرحمان نے اس موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے نہایت اہم ہے۔

ان کے مطابق سپورٹس سٹی میں بین الاقوامی معیار کے اسٹیڈیمز، جدید سپورٹس کمپلیکس اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے مکمل ہونے سے صوبے میں کھیلوں کے معیار میں بہتری آئے گی اور قومی و بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ملاقات میں ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس شبیر حسین چیمہ اور پی ایم یو سپورٹس کے دیگر افسران بھی شریک تھے۔ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ لاہور کو ایک جدید اسپورٹس ہب بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔