ممبئی (آئی این پی )بھارت کی جانب سے پاکستان کے بڑے سائبر حملوں کا اعتراف کیا گیا ہے، بھارت حکام نے دعوی کیا ہے کہ پاکستانی ہیکرز نے 15 لاکھ سائبر حملے کیے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹرا سائبر سیل نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا کہ انڈیا کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے 15 لاکھ سے زائد سائبر حملے کیے گئے، جن کے پیچھے سات جدید ہیکنگ گروپس (اے پی ٹی )کارفرما تھے۔ یہ حملے سیزفائر کے بعد شروع کیے گئے۔ مہاراشٹرا سائبر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس یشسوی یادو نے بتایا کہ ان سائبر حملوں کا آغاز بنگلہ دیش، پاکستان، مشرق وسطی، اور انڈونیشیا کے ایک گروپ سے ہوا۔مہاراشٹرا سائبر سیل کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہیکرز نے بھارت کے کئی بڑے ہوائی اڈوں اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ویب سائٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔