پاکستانی اداکار علی رضا کا بالی ووڈ میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار علی رضا نے اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیت لیے ہیں اور ان کی حالیہ ڈرامہ سیریز "نور جہاں"، "اقتدار" اور "دنیا پور" بے حد مقبول ہو رہی ہیں۔علی رضا نے حال ہی میں بھارتی میگزین "فلم فیئر انڈیا" کو ایک خصوصی انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنے کیریئر، اسکرپٹ کے انتخاب اور بالی ووڈ میں کام کرنے کی خواہشات پر کھل کر بات کی۔انہوں نے انکشاف کیا کہ بچپن سے ہی وہ بالی ووڈ کی فلموں کے بڑے مداح ہیں اور خاص طور پر اکشے کمار کی کامیڈی فلمیں ان کی پسندیدہ ہیں۔ علی رضا نے بتایا کہ وہ بھارتی او ٹی ٹی شوز بھی شوق سے دیکھتے ہیں اور "مرزا پور" ان کی پسندیدہ ویب سیریز ہے۔
پاکستان اور بھارت کے شوبز انڈسٹری میں تعاون کی بحالی کے حوالے سے علی رضا کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ دونوں ممالک کے فنکار ایک ساتھ دوبارہ کام کریں گے کیونکہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے کا موقع ملے تو وہ کس اداکار کے ساتھ کام کرنا چاہیں گے، تو علی رضا نے کہا کہ وہ خود یہ فیصلہ نہیں کریں گے لیکن ان کی خواہش ہے کہ وہ عالیہ بھٹ کے ساتھ کام کریں کیونکہ وہ ایک شاندار اداکارہ ہیں اور ان کے ساتھ اسکرین شیئر کرنا ان کے لیے ایک اعزاز ہو گا۔