پشاور(آئی این پی ) پشاور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو ملٹری کورٹ فیصلوں اور کارروائی کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کاحکم دے دیا۔پشاور ہائیکورٹ نے 9 مئی ملٹری کورٹ سے سزایافتہ ملزمان کے کیس کا 6 صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کردیا جس میں وفاقی و صوبائی حکومت، سیکرٹری ڈیفنس سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرتے ہوئے کہاگیاہے کہ فریقین درخواست گزاروں کو ملٹری کورٹ فیصلوں اور کارروائی کا مکمل ریکارڈ فراہم کریں۔ عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزاروں کو ملٹری کورٹ فیصلوں اور عدالتی کاروائی کا ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔ وکیل درخواست گرار نے عدالت کو بتایا کہ 9 اور 10 مئی کو توڑ پھوڑ میں ملٹری کورٹ نے ملزمان کو سزائیں سنائیں، ملزمان کا تعلق بنوں، 2کا چکدرہ اور 2کا تعلق لوئر دیر سے ہے، سپریم کورٹ نے سویلین ملٹری کورٹ ٹرائل کو قانونی قرار دیا اور فیصلے میں ملزمان کو اپیل کا حق دیا ہے۔