وزیراعظم سے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی ملاقات، ڈیجیٹل ادائیگیوں میں شراکت پر ایم او یو پر دستخط

وزیراعظم سے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی ملاقات، ڈیجیٹل ادائیگیوں میں شراکت پر ایم او یو پر دستخط

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں امریکی کمپنی ورلڈ لبرٹی فنانشل کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں اور مالیاتی نظام میں جدت کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

 ملاقات کے دوران پاکستان اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط بھی کیے گئے۔وفد کی قیادت چیف ایگزیکٹو آفیسر زچری وٹکوف نے کی، جبکہ اجلاس میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب بھی شریک تھے۔وزیراعظم نے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافہ اور مالیاتی جدت پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کا اہم حصہ ہیں۔زچری وٹکوف نے پاکستان کے ساتھ محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل ادائیگی کے بنیادی ڈھانچے پر کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کی، جس میں سرحد پار سیٹلمنٹ اور زرمبادلہ کے حصول و ادائیگی کے عمل میں جدتیں شامل ہیں۔
وفد نے پاکستان کے پالیسی فریم ورک کی تعریف کی جو عالمی ڈیجیٹل معیشت میں ملک کی اہمیت کو بڑھانے میں مددگار ہے۔مفاہمتی یادداشت کا مقصد سرحد پار لین دین کے لیے ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگی کے آرکیٹیکچرز کے بارے میں تبادلۂ خیال اور تکنیکی سمجھ بوجھ کو ممکن بنانا ہے۔ایم او یو پر دستخط وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سی ای او ورلڈ لبرٹی فنانشل زچری وٹکوف نے کیے۔یہ اقدام پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر مالیاتی جدت میں حصہ لینے کی طرف اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔