دربار قربان شاہ کے قریب 4 ڈاکوئوں نے پولیس کودیکھتے ہی فائرنگ کردی
جوابی کارروائی کے دوران ملزم وارث اور آصف زخمی حالت میں پکڑے گئے
اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ) اوکاڑہ میں پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان مقابلے میں 2 خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے اور طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ اے ڈویڑن جہانزیب وٹو اپنی ٹیم کے ہمراہ معمول کی گشت کر رہے تھے کہ دربار قربان شاہ کے قریب 4 ڈاکوئوں نے پولیس کو دیکھتے ہی گرفتاری کے ڈر سے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کراس فائرنگ میں دو خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوئے، جبکہ 2 دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔زخمی ڈاکوئوں کی شناخت وارث اور آصف کے ناموں سے ہوئی۔ ڈاکوئوں کے قبضے سے موبائل فونز اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔ پولیس نے فرار ہونے والے دو ڈاکوئوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔