خیبرپختونخوا میں سیاسی و قومی شخصیات کے ناموں پر فینسی نمبر پلیٹس کی نیلامی کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں سیاسی و قومی شخصیات کے ناموں پر فینسی نمبر پلیٹس کی نیلامی کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف، بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر اہم سیاسی اور قومی شخصیات کے ناموں پر مشتمل فینسی نمبر پلیٹس کی نیلامی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فخر جہاں نے بتایا کہ سیاسی و قومی شخصیات کے ناموں پر مشتمل فینسی اور یونیک چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی 27 جنوری کو نشتر ہال پشاور میں منعقد کی جائے گی۔ان کے مطابق فینسی نمبر پلیٹس کی بولی کا آغاز 10 لاکھ روپے سے ہوگا جبکہ سب سے زیادہ بولی دینے والے کو اپنی پسندیدہ سیاسی یا قومی شخصیت کے نام کی نمبر پلیٹ الاٹ کی جائے گی۔ فخر جہاں نے کہا کہ مرحلہ وار دیگر قومی قیادت، معروف شخصیات، علاقوں اور اقوام کے ناموں سے منسوب نمبر پلیٹس بھی نیلامی میں شامل کی جائیں گی۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نیلامی کے عمل میں گاڑی مالکان بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں اور اس اقدام سے قومی خزانے کو نمایاں مالی فائدہ پہنچے گا۔ یونیک نمبر پلیٹس کے حصول کے لیے شہریوں نے دستک ایپ کے ذریعے درخواستیں جمع کرانا شروع کر دی ہیں۔محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبرپختونخوا کے مطابق فینسی نمبر پلیٹس کی نیلامی سے متعلق باقاعدہ اشتہار جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ نیلامی میں شرکت کے لیے شہری دستک ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 26 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔