گھروں میں گاڑی دھونے پر 10ہزارجرمانہ ، نوٹیفکیشن جاری، ری سائیکل پلانٹس کی مانیٹرنگ بند ہونے کا انکشاف
لاہور( کرائم رپورٹر )پنجاب میں گھروں میں گاڑیاں دھونے پر پابندی عائد کردی گئی۔خلاف ورزی کرنے پر 10 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔ پانی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں پنجاب میں گھروں میں گاڑیاں دھونے پر پابندی عائد کردی گئی ۔ تمام غیر قانونی سروس اسٹیشنز بھی فوری بند کرانے کا حکم دے دیا گیا۔ پانی ری سائیکل کرنے کے سسٹم کے بغیر چلنے والے سروس اسٹیشن پر ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔28 فروری تک پنجاب بھر کے سروس اسٹیشنز کو پانی ری سائیکلنگ سسٹم لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تعمیراتی مقام پر بھی زمینی پانی کے استعمال پر پابندی ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب انوائرمنٹل ایکٹ کے تحت تمام پابندیوں کا اطلاق فوری نافذ ہوگا۔پابندی پر عمل در آمد کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ادھر شہر لاہور میں 455 رجسٹرڈ سروس اسٹیشنز پانی کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔جوڈیشنل کمیشن کے احکامات پر شہر میں 400 سروس اسٹیشنز پر ری سائیکل پلانٹ لگائے گئے۔ واسا انتظامیہ کی چیکنگ نہ ہونے کے سبب سروس اسٹیشنز ری سائیکل پلانٹس کی مانیٹرنگ بند ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔واسا کے سروے کے مطابق شہر میں 360 سروس اسٹیشن پر لگے ری سائیکل پلانٹ بند ہیں. دوسری جانب ری سائیکل پلانٹ چل رہے ہیں یا نہیں، واسا لاہور کو کوئی علم نہیں۔اب شہر کے 90 فیصد سروس اسٹیشنز پر ری سائیکل پلانٹس بند ہوگئے. واسا کا شعبہ ریونیو اور او اینڈ ایم سروس اسٹیشن کی چیکنگ نہ کرسکا۔جوڈیشل کمیشن کے احکامات کے برعکس مانیٹرنگ کے لیے کوئی میکنزم ہی نہ بنایا گیا۔