قمر جاوید گجر نماز پڑھنے جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے گولیاں برسا دیں ،وکلا کا تین روزہ سوگ کا اعلان
حافظ آباد،پنڈی بھٹیاں(خصوصی رپورٹ)حافظ آباد کے علاقہ کوٹ نکہ میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر اور سابق امیدوار صوبائی اسمبلی قمر جاوید گجر کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا، پولیس ذرائع کے مطابق قمر جاوید گجر ایڈووکیٹ گھر سے نماز پڑھنے کے لیے مسجد جا رہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے ہوئے افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے انہیں فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈی بھٹیاں لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔قمر جاوید گجر نے گزشتہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر حلقہ پی پی 37 سے حصہ لیا تھا۔ وہ پنڈی بھٹیاں بار کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔دوسری جانب ڈسٹرکٹ بار حافظ آباداور پنڈی بھٹیاں بار کے وکلا نے قمر جاوید گجر کے قتل کے سوگ میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے مکمل ہڑتال کی اور کوئی بھی وکیل عدالتوں میں پیش نہ ہوا۔