9 مئی واقعات کی مذمت کیوں نہیں کرتے، کیوں نہیں کہتے ان سے غلطی ہوئی ہے
مدارس رجسٹریشن کے معاملے میں ڈیڈ لاک والی بات نظر نہیں آرہی:نجی ٹی وی سے گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)) وزیراعظم کے مشیر اور سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے پی ٹی آئی نے مذاکرات کا پیغام بھیجا تو ہماری طرف سے انکار نہیں ہوگا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تحریک انصاف نے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی ہے لیکن مذاکرات کا پیغام نہیں بھیجا، مذاکرات کا پیغام ملا تو ہماری طرف سے انکار نہیں ہوگا، فائنل کال سے پہلے تحریک انصاف سے رابطہ کیا گیا تھا، عمران خان کی رہائی کی بات نہیں ہوئی تھی۔ پی ٹی آئی والے صدق دل سے معذرت کریں، 9 مئی کو کن کی تنصیبات اور گھر پر حملہ کیا گیا، یہ 9 مئی واقعات کی مذمت کیوں نہیں کرتے، کیوں نہیں کہتے ان سے غلطی ہوئی ہے۔ یہ کہنا 9 مئی کو ہم نہیں تھے، وہ خود ہی تھے، یہ تو اور تلخی بڑھانے کی بات ہے، تحریک انصاف نے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی ہے لیکن بات چیت کا پیغام نہیں دیا، تحریک انصاف کا ہمارے لئے ابھی یہی پیغام ہے ہم آپ سے کیوں مذاکرات کریں۔انہو ںنے کہا مدارس رجسٹریشن کا معاملہ بیٹھ کر سلجھایا جا سکتا ہے، مدارس رجسٹریشن کے معاملے میں کوئی ڈیڈ لاک والی بات نظر نہیں آرہی، سوسائٹی ایکٹ یا وزارت تعلیم سے رجسٹرڈ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔