یومِ آزادی پر کے بی سی میں بھارتی فوجی افسران کی شرکت، مودی حکومت پر پی آر اسٹنٹ کے الزامات

یومِ آزادی پر کے بی سی میں بھارتی فوجی افسران کی شرکت، مودی حکومت پر پی آر اسٹنٹ کے الزامات

بھارت میں یومِ آزادی کے موقع پر مشہور ٹی وی شو "کون بنے گا کروڑ پتی" (کے بی سی) کی خصوصی قسط کے ٹیزر نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا ہے۔

 صارفین اور ناقدین نے مودی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ فوج کو سیاست اور قوم پرستی کے بیانیے کے فروغ کے لیے استعمال کر رہی ہے۔15 اگست کو نشر ہونے والی خصوصی قسط میں بھارتی فوج اور فضائیہ کی حاضر سروس خواتین افسران — کرنل صوفیہ قریشی، ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ، اور کمانڈر پریرنا دیوستھالی — کو مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا۔ ٹیزر میں شو کے میزبان اور بالی وڈ کے نامور اداکار امیتابھ بچن کو فوجی افسران کا پرتپاک استقبال کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ مہمان افسران کو "آپریشن سندور" کی تعریف اور اس کی کہانی بیان کرتے دکھایا گیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس پیشکش کو "مودی حکومت کا پی آر اسٹنٹ" قرار دیا اور کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر فوجی افسران کو ایسے شو میں بلا کر قوم پرستی کو جذباتی انداز میں بیچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ عمل عوامی جذبات کو بھڑکانے اور حکومت کے بیانیے کو مضبوط کرنے کی ایک حکمتِ عملی ہے۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا:
"ہماری حب الوطنی کو تماشا بنایا جا رہا ہے۔ ایک دن خبر آتی ہے کہ پہلگام میں شہید ہونے والے بحریہ کے افسر کی اہلیہ سے بگ باس نے رابطہ کیا، اور اگلے دن تین حاضر سروس افسران کے بی سی میں مدعو کیے جاتے ہیں۔"

ایک اور صارف نے لکھا:
"مودی آپریشن سندور کے بیانیے کو دہرا کر سچ کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے حاضر سروس افسران کو شو میں بلایا گیا تاکہ فوج کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا جا سکے۔"بھارتی آن لائن پلیٹ فارمز پر جاری بحث میں یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا فوجی آپریشنز کی تشہیر اور سیاسی دفاع کے لیے تفریحی ٹی وی شوز موزوں پلیٹ فارم ہیں یا نہیں۔