روڈا کی دریائے راوی پر بند کی تعمیر تیزی سے مکمل ہونے کی جانب

روڈا کی دریائے راوی پر بند کی تعمیر تیزی سے مکمل ہونے کی جانب

راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کا دریائے راوی پر بند بنانے کا منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، جس کا مقصد سیلابی خطرات سے نمٹنا اور شہری ترقی کو فروغ دینا ہے۔

 اس منصوبے کے تحت، دریائے راوی کے دونوں اطراف 46 کلومیٹر طویل بند تعمیر کیا جا رہا ہے، جو سیلاب کے پانی کے بہاؤ کو بہتر طریقے سے منظم کرنے کے لیے ایک کلومیٹر چوڑائی رکھی گئی ہے۔ یہ بند سائفن سے جھوک فارسٹ تک پھیلا ہوا ہوگا، جس سے بڑے سیلابی ریلے بھی آسانی سے گزر سکیں گے اور آئندہ کے سیلابی نقصانات میں کمی آئے گی۔سی ای او روڈا عمران امین نے راوی سٹی سمیت مختلف پراجیکٹس کا دورہ کیا، جن میں روڈا فیز 1، پیکیجز 7 اور 8، اور فیز 3 کے پیکیجز 16 سے 19 شامل ہیں۔ انہوں نے جاری کاموں کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف سیلابی پانی کے بہاؤ کو بہتر طریقے سے منظم کیا جا سکے گا، بلکہ شہری ترقی کے منصوبوں کو بھی فروغ ملے گا۔
اس موقع پر، عمران امین نے محمود بوٹی اور چہارباغ پراجیکٹس کا بھی معائنہ کیا۔ چہارباغ کو رنگ روڈ اور ایکسپریس وے سے منسلک کرنے کا عمل جاری ہے، جس سے اس کی رسائی میں بہتری آئے گی۔ حکام کے مطابق، دریائے راوی پر بند کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی اقدامات سے شہری آبادی کو سیلاب کی صورت میں تحفظ فراہم کیا جا سکے گا، اور ساتھ ہی شہری سہولیات میں بھی اضافہ ہوگا۔