کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہے‘ ایف آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے ‘امید ہے سال کے اختتام تک یہ ایک نئی طرز کا موثر ادارہ بن چکا ہوگا
ایف آئی اے میں ترقیوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی‘ شہداء کے خاندانوں کو پلاٹ دیئے جائیں گے: وزیرداخلہ کا افسروںکی خصوصی کانفرنس میں خطاب
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کرپشن کے خاتمے کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، ایف آئی اے میں کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، کسی افسرنے کرپشن کی تونشان عبرت بنادوں گا ، ایف آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ سال کے اختتام تک یہ ایک نئی طرز کا موثر ادارہ بن چکا ہوگا۔ تفصیل کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے افسران کی خصوصی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا بھی شریک ہوئے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایف آئی اے کے کسی افسرنے کرپشن کی تونشان عبرت بنادوں گا، ایف آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ سال کے اختتام تک یہ ایک نئی طرز کا موثر ادارہ بن چکا ہوگا۔ ایف آئی اے میں ترقیوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی اور کانسٹیبلز و اے ایس آئیز کو ان کا حق دیا جائے گا، کیونکہ پروموشن ہر اہلکار کا بنیادی حق ہے۔ ۔ انہوں نے ایف آئی اے کے شہدا کے خاندانوں کے لیے پلاٹس دینے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ویلفیئر کا جامع منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے جس میں تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات شامل ہوں گی۔