ریاض(نیٹ نیوز)سعودی طالبات نے آنسوؤں کے ذریعے جسم میں شوگر لیول جانچنے والا کانٹیکٹ لینس ایجاد کرلیا جسے سعودی اتھارٹی میں پیٹنٹ کیا گیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی طالبہ لیان السبیعی کا اپنی ایجاد کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ انہوں نے ایسا کانٹیکٹ لینس ایجاد کیا ہے جو آنسوؤں سے خون میں موجود گلوکوز کی مقدار کو با آسانی جانچ سکتا ہے۔اْنہوں نے کہا کہ یہ ایجاد کانٹیکٹ لینس اور ایپلیکشن پر مشتمل ہے۔ لینس آنسوؤں کے ذریعے خون میں موجود گلوکلوز کا تعین کرتا ہے اور حاصل ہونے والی ریڈنگ ایپلیکیشن پر منتقل ہوجاتی ہے۔اْنہوں نے کہا کہ اس ایجاد سے شوگر میں مبتلا معمر افراد یا کم عمر بچوں کو کافی فائدہ ہو گا کیونکہ ایپلیکیشن کے ذریعے بچوں کے والدین یا معمر افراد کی دیکھ بھال کرنے والوں کو شوگر کے لیول کے بارے میں فوری معلومات حاصل ہو سکیں گی اور وہ بروقت دوائی دے سکیں گے۔