معاذ کی آنکھوں میں پاکستان کیلئے کھیلنے کا خواب تھا، اسے شرٹ پہنے دیکھ کر خوشی ہوئی محمد رضوان

 خوابوں کی تعبیر میں وقت ضرور لگتا ہے، لیکن سخت محنت، صبر اور اللہ پر کامل ایمان سے سب کچھ ممکن ہے:وکٹ کیپر بلے باز
لاہور(فضیلہ خان)پاکستان کے نامور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے نوجوان کرکٹر معاذ صداقت کے قومی ٹیم میں شامل ہونے اور پاکستان کی شرٹ زیب تن کرنے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایک جذباتی اور حوصلہ افزا پیغام شیئر کیا ہے۔محمد رضوان نے سوشل میڈیا پر معاذ صداقت کی تصویر کے ساتھ جاری کردہ اپنے پیغام میں بتایا کہ مجھے کل کی بات لگتی ہے جب ایک چھوٹا لڑکا اپنے بھائی ہارون کے ساتھ پشاور میں میرے گھر مجھ سے ملنے آیا تھا۔ اس کی آنکھوں میں امید اور دل میں ایک ہی خواب تھا کہ وہ ایک دن پاکستان کے لیے کھیلے گا۔  انہوں نے مزید لکھا کہ آج اسی معاذ صداقت کو پاکستان کی گرین شرٹ پہنے دیکھ کر مجھے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ الحمدللہ، اللہ کرے کہ یہ ایک بہترین اور کامیاب سفر کا آغاز ہو۔  رضوان نے تمام نوجوانوں کے نام ایک ناصحانہ پیغام میں کہا کہ چاہے آپ کا خواب پاکستان کی نمائندگی کرنا ہو یا زندگی میں کچھ اور حاصل کرنا، کبھی بھی خود پر سے یقین ختم نہ ہونے دیں۔ خوابوں کی تعبیر میں وقت ضرور لگتا ہے، لیکن سخت محنت، صبر اور اللہ پر کامل ایمان سے سب کچھ ممکن ہے۔  پیغام کے اختتام پر محمد رضوان نے ہوم سیریز میں شاندار کامیابی پر صاحبزادہ فرحان اور پوری قومی ٹیم کو مبارکباد بھی پیش کی۔