راولپنڈی : سرنگ کھود کر کھوڑ سے آنے والی پائپ لائن سے کروڑوں کا خام آئل چوری

ملزمان نے مرکزی پائپ لائن میں کٹ لگا کر اس کے ساتھ اپنی غیر قانونی پائپ لائن نصب کی ہوئی تھی،  7 افراد کے خلاف مقدمہ، 3 گرفتار، 4  کی تلاش
 اٹک آئل ریفائنری کی مانیٹرنگ ٹیم نے تکنیکی نگرانی کے دوران پائپ لائن میں تیل کے دباو اور مقدار میں کمی محسوس کی، جس کے بعد موقع پر چھاپہ مارا گیا:حکام 
راولپنڈی(آئی این پی )راولپنڈی میں رنیال کے قریب زیرِزمین سرنگ کھود کر کروڈ آئل چوری کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔حکام کے مطابق یہ کارروائی راولپنڈی کے علاقے رنیال میں کی گئی، جہاں ملزمان نے زیرِ زمین سرنگ کھود کر کھوڑ سے آنے والی خام تیل کی مرکزی پائپ لائن تک رسائی حاصل کر رکھی تھی۔ملزمان نے مرکزی پائپ لائن میں کٹ لگا کر اس کے ساتھ اپنی غیر قانونی پائپ لائن نصب کی ہوئی تھی، جس کے ذریعے خام تیل چوری کیا جا رہا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ اٹک آئل ریفائنری کی مانیٹرنگ ٹیم نے تکنیکی نگرانی کے دوران پائپ لائن میں تیل کے دباو اور مقدار میں کمی محسوس کی، جس کے بعد موقع پر چھاپہ مارا گیا۔اطلاع ملنے پر پولیس اور متعلقہ حکام کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زیرِ زمین سرنگ سمیت غیر قانونی تنصیبات کو تحویل میں لے لیا۔پولیس کے مطابق تھانہ دھمیال میں خام تیل چوری اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزام میں 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں سے 3 کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ باقی 4 ملزمان کی تلاش جاری ہے۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش شروع کردی گئی ہے تاکہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں اور مفرور ملزمان کا سراغ لگایا جاسکے۔ حکام نے مرکزی آئل تنصیبات کی سیکیورٹی کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔