شہر کے 700پارکوں کی بحالی کا منصوبہ

گجر پورہ، چائنہ سکیم، سنگھ پورہ، شالیمار، سرکلر گارڈن،شاد باغ ، سنت نگر، ساندہ، کرشن نگر، گول باغ اور بلال گنج کے پارکس بھی منصوبہ میں شامل 
لاہور ( کرائم رپورٹر)5سال کی خاموشی کے بعد پنجاب حکومت نے پارکوں کی مرمت اور بحالی کا منصوبہ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ پی ایچ اے کے زیر انتظام 700 چھوٹے بڑے پارکوں کی حالت زار پر توجہ دی جا رہی ہے۔ تفصیل کے مطابق لاہور جو ایک وقت میں باغوں کا شہر کہلاتا تھا، اب پارکوں کی بگڑتی حالت کا شکار ہے۔ پی ایچ اے کے زیر انتظام 700 سے زائد پارکوں میں عرصہ دراز سے ترقیاتی کام نہ ہونے کے باعث شہریوں نے ان کا رخ کرنا چھوڑ دیا ۔ماضی میں مختلف حکومتوں نے لاہور کے پارکوں کو سنوارنے کیلئے فنڈز فراہم کئے۔ سابق پنجاب حکومتوں نے پارکوں کی تزئین و آرائش کے لئے پی ایچ اے کو کروڑوں روپے دئیے مگر بزدار دور میں یہ تمام فنڈنگ بند کر دی گئی۔صورتحال یہاں تک پہنچ گئی کہ گزشتہ 5برس میں پارکوں کے آپریشن اینڈ مینٹی ننس پر ایک روپیہ بھی حکومت کی جانب سے جاری نہ کیا گیا۔اب ایک بار پھر حکومت نے شمالی، مشرقی اور وسطی لاہور کے پارکوں کی بہتری کیلئے بجٹ میں فنڈز مختص کرنے کی تجویز دے دی ۔شمالی لاہور کے گجر پورہ، چائنہ سکیم، سنگھ پورہ، شالیمار، سرکلر گارڈن اور شاد باغ کے پارکوں کی بحالی کیلئے10کروڑ روپے درکار ہیں۔ آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں ان علاقوں کیلئے2کروڑ50لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ۔اسی طرح گنج بخش ٹاؤن کے سنت نگر، ساندہ، کرشن نگر، گول باغ اور بلال گنج کے پارک بھی منصوبہ میں شامل ہیں۔مشرقی لاہور کے پارکوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے مجموعی طور پر 35 کروڑ روپے کی لاگت درکار ہے جس کے مقابلے میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 8 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ۔پارکوں کی بحالی سے متعلق تمام تجاویز پی ایچ اے کی جانب سے پنجاب حکومت کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ اگر یہ بجٹ منظورہو گیا تو لاہور کے گلی محلوں میں واقع پارکوں کی حالت زار سنورنے لگے گی اور شہری ایک بار پھر صاف ستھرے ماحول میں سیر و تفریح کیلئے پارکوں کا رخ کر سکیں گے۔