55گرجا گھروں،20گردواروں کی بحالی کا منصوبہ

4 مندروں کو بھی مرمت و بحال کیا جائیگا،ہیومن رائٹس کمیٹیوں کے قیام سے مسائل تیزی سے حل ہونگے:سیکرٹری انسانی حقوق 
لاہور (کرائم رپورٹر)محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور نے صوبے میں اقلیتی عبادت گاہوں کی بحالی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے بڑے منصوبوں کا اعلان کردیا ہے،رواں مالی سال میں اڑھائی ارب روپے سے صوبے بھر میں 55 چرچز، 20 گردواروں اور 4 مندروں کو مرمت و بحال کیا جائیگا۔ یہ اقدام نا صرف اقلیتی برادری کو سہولیات فراہم کرے گا بلکہ صوبے میں مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ سیکرٹری انسانی حقوق فریدتارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب حکومت انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے جامع حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے۔ اقلیتی عبادتگاہوں کی بحالی اور ڈسٹرکٹ ہیومن رائٹس کمیٹیوں کے قیام سے عوامی مسائل مقامی سطح پر تیزی سے حل ہونگے۔ مختلف مذاہب کے درمیان رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے انٹر فیتھ کونسل بنائی جا رہی ہے، تمام مذاہب اور عقائد کے نمائندے شامل ہونگے۔ یہ کونسل بین المذاہب مکالمے، باہمی روابط اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔