وزیراعلیٰ پنجاب کے رمضان پیکج میں سرکاری افسران کی فراڈ کی کوشش کا انکشاف

وزیراعلیٰ پنجاب کے رمضان پیکج میں سرکاری افسران کی فراڈ کی کوشش کا انکشاف

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے رمضان پیکج میں سرکاری افسران کی جانب سے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق عوام کو فراہم کیے جانے والے رمضان نگہبان پیکج کے تحت ملنے والی رقم کو سرکاری افسران نے خود ہڑپنا شروع کر دیا۔ پولیس نے اس فراڈ میں ملوث دو سرکاری ملازمین سمیت تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان سے ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد رقم برآمد ہوئی ہے، جو انہوں نے چیک کے ذریعے کیش کروا لی تھی۔ ایف آئی آر کے متن میں بتایا گیا کہ ملزمان نے 17 چیک فراڈ کر کے کیش کروائے، جبکہ 92 چیک ابھی تک کیش نہیں ہو سکے تھے۔ایڈمنسٹریٹر شالیمار اور علاقہ افسر صابر علی کی جانب سے کی گئی کارروائی کے دوران ملزمان کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

 اس حوالے سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر رضوان کی مدعیت میں تھانہ ہربنس پورہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔رمضان پیکج کے تحت مستحق افراد کو فی کس 10 ہزار روپے کے بینک ڈرافٹ دیے جانے تھے، تاہم ملزمان نے یہ چیک مستحق افراد تک پہنچانے کی بجائے خود ہڑپ کرنے کی کوشش کی۔ اس فراڈ میں سرکاری ملازمین حافظ عبدالرحمان، معظم علی اور مصور علی شامل ہیں۔ پولیس کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید کارروائی کی توقع ہے۔