بیجنگ(آئی این پی) چین میں لوگوں نے کسی بھی طرح دولت مند بننے کیلئے بینکوں کی مٹی کے تھیلے جو کہ آن لائن فروخت ہوتے ہیں انہیں خریدنا شروع کردیا، ان مٹی کے تھیلوں کو خوش بختی یا دولت کو لانے کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق بینک ڈکیتیوں میں عموماً بھاری نقد رقوم یا سونے کی اینٹیں لوٹی جاتی ہیں لیکن حال ہی میں کئی چینی بینک ایک غیر معمولی قسم کی چوری کا نشانہ بن گئے ہیں جس میں پودوں کے گملوں کی مٹی یا پھر بینکوں کے ارد گرد موجود عمارتوں کی مٹی چرائی جا رہی ہے،چین میں متعدد آن لائن شاپس پر بینک کی مٹی کی چھوٹی تھیلیاں فروخت کی جا رہی ہیں تاکہ انکی خوش بختی سے فوری امیر بنا جاسکے، یہ مٹی کی تھیلیاں 888 یوآن یا 120 امریکی ڈالرز میں مل جاتی ہیں، جبکہ اس غیر عمومی پراڈکٹ کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،کچھ فروخت کنندگان تو 999.999 فیصد تک دولت آنے پر مبنی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہیں۔