نیویارک (سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنلز کے اختتام پر لیونل میسی، جولین الواریز اور جوڈ بیلنگھم نے شاندار کارکردگی سے کئی نئے ریکارڈ اپنے نام کر لیے، جبکہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں بھی متعدد منفرد اعزازات قائم ہوئے۔لیونل میسی نے 2026 ورلڈ کپ میں اب تک 20 ایسے پاسز دیے جن سے شاٹ لیا گیا، اور وہ 1966 کے بعد پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے تین مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔میسی نے الیکسس میک الیسٹر کو کارنر سے گول کروا کر ورلڈ کپ میں اپنی مجموعی اسسٹس کی تعداد 10 تک پہنچا دی، جو 1966 کے بعد کسی بھی کھلاڑی کی سب سے زیادہ اسسٹس ہیں۔ اس طرح انہوں نے ڈیاگو میراڈونا (8 اسسٹس) کو پیچھے چھوڑ دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ورلڈ کپ میں میسی کی پہلی کارنر اسسٹ بھی تھی۔اس کے ساتھ ہی میسی 2022 اور 2026 کے ورلڈ کپ میں 10 یا اس سے زیادہ گول کنٹریبیوشنز کرنے والے واحد دو کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے، جبکہ اس فہرست میں ان کے ساتھ صرف فرانس کے کیلیان ایمباپے موجود ہیں۔دوسری جانب جولین الواریز نے اپنے ورلڈ کپ کیریئر کے پانچ میں سے چار گول ناک آٹ مرحلے میں کیے، جس کے بعد انہوں نے ڈیاگو میراڈونا کے ریکارڈ کی برابری کرلی۔ اس فہرست میں ان سے آگے صرف لیونل میسی ہیں، جنہوں نے ناک آٹ مرحلے میں سات گول اسکور کیے ہیں۔