مدینہ منورہ میں نادرا آفس کی خدمات بحال کردی گئیں

شناختی دستاویزات اور دیگر رجسٹریشن سے متعلق خدمات کیلئے نادرا آفس سے رجوع کر سکتے ہیں‘ بیان 
اسلام آباد(آئی این پی) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے مدینہ منورہ میں نادرا آفس کی خدمات اتوار 12 جولائی سے بحال کردیں۔نادرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی حکومت کی ہدایات پر حج سیزن کے دوران مدینہ منورہ میں نادرا آفس کی خدمات عارضی طور پر معطل کی گئی تھیں، تاہم اب حج سیزن کے اختتام پر 12 جولائی بروز اتوار سے شہری دوبارہ نادرا کی سہولیات سے استفادہ کر سکیں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مدینہ منورہ اور گردونواح میں مقیم پاکستانی شہری شناختی دستاویزات اور دیگر رجسٹریشن سے متعلق خدمات کے لیے نادرا آفس سے رجوع کر سکتے ہیں۔نادرا نے مزید کہا ہے کہ پاکستانی شہری مزید معلومات کے لیے پاکستانی قونصلیٹ جنرل سے رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی متعدد نادرا خدمات بدستور دستیاب رہیں گی۔