سینیٹ نے نیشنل فارنزک ایجنسی کے قیام کے بل کی منظوری دے دی

سینیٹ نے نیشنل فارنزک ایجنسی کے قیام کے بل کی منظوری دے دی

وفاقی حکومت نے نیشنل فارنزک ایجنسی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے سینیٹ نے بل منظور کر لیا ہے۔

 اس ایجنسی کا مقصد مختلف فارنزک خدمات فراہم کرنا ہے، جس میں ریسرچ، فارنزک تجزیہ، اور ڈیجیٹل فارنزک شامل ہیں۔بل کے مطابق، نیشنل فارنزک ایجنسی کی خدمات وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اور تمام دیگر فارنزک ایجنسیوں کو فراہم کی جائیں گی۔ ایجنسی لیبز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی سروسز فراہم کرے گی۔ اس ایجنسی کا ایک اہم کردار ڈیجیٹل فارنزک مواد کی محفوظ نگہداشت اور اس کی تحقیقات میں معاونت فراہم کرنا ہوگا، جو قومی سیکیورٹی کے حوالے سے بھی مددگار ثابت ہوگا۔

ایجنسی فارنزک تجزیے میں ماہر ہو گی اور عدالت میں بطور گواہ پیش ہو گی۔ نیشنل فارنزک ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کے لیے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ وہ دوہری شہریت کا حامل نہ ہو۔ ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئر پرسن کا عہدہ ڈویژن کے سیکریٹری کو دیا جائے گا، اور اس بورڈ میں آئی جی اسلام آباد، نیکٹا کے نیشنل کوآرڈی نیٹر اور نیشنل پولیس بیورو کے ڈی جی شامل ہوں گے۔اس اقدام کا مقصد فارنزک تحقیقات کے شعبے میں بہتری لانا ہے تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زیادہ موثر طریقے سے مدد فراہم کی جا سکے اور مختلف تحقیقات کی درستگی میں اضافہ ہو سکے۔