لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم سے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی، آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ تفصیلات کے مطابق مرحوم ڈرائیور کانسٹیبل محمد افضل کے بیٹے کی بھرتی سے متعلق درخواست پر آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو معاملہ زیر غور لانے کی ہدایت کی، جبکہ کانسٹیبل ذیشان جاوید کی ٹرانسفر سے متعلق درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔ ریٹائرڈ سب انسپکٹر محمد اسلام کی قانونی کارروائی سے متعلق درخواست پر ڈی پی او ننکانہ صاحب کو ضروری کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ مرحوم کانسٹیبل محمد امین کی اہلیہ کے بقایاجات کی ادائیگی سے متعلق درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو معاملہ زیر غور لانے، جبکہ سب انسپکٹر کاشف فراز کی پروموشن سے متعلق درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کیے۔