کراچی: اینٹی کرپشن عدالت نے محکمہ پولیس کے ملازمین کی تنخواہوں میں غیر قانونی کٹوتی اور مبینہ کرپشن کے کیس میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سمیت دیگر ملزمان کو بری کردیا۔
عدالت سے بری ہونے والے دیگر ملزمان میں ایس ایس پی تنویر احمد طاہر اور محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر علی اصغر کلہوڑو بھی شامل ہیں۔پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ نیب سے اینٹی کرپشن کو منتقل کیا گیا تھا۔ کیس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ پولیس ملازمین کی تنخواہوں سے اے جی سندھ آفس کی مبینہ ملی بھگت سے غیر قانونی کٹوتیاں کی گئیں۔استغاثہ کا مؤقف تھا کہ تنخواہوں میں کٹوتیوں کے ذریعے کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کی گئی، جبکہ ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال، سرکاری فنڈز میں خورد برد اور دیگر مالی بے ضابطگیوں کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔عدالت نے مقدمے کی سماعت اور دستیاب شواہد کا جائزہ لینے کے بعد سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سمیت دیگر نامزد ملزمان کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔