بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار ایمی ورک کی گاڑی پر کینیڈا میں فائرنگ کی اطلاعات کے بعد ان کے والد کُلجیت سنگھ نے واقعے سے متعلق اہم وضاحت کردی۔
واقعہ برٹش کولمبیا کے شہر ایبٹسفورڈ میں ایمی ورک کے کنسرٹ کے بعد پیش آیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 5 ستمبر کی رات تقریباً 11 بجے میکلم روڈ کے علاقے میں ایک گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، تاہم پولیس کے مطابق واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والی گاڑی ایمی ورک کے کنسرٹ سے وابستہ قافلے کا حصہ تھی۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گاڑی پر مجموعی طور پر 7 گولیاں چلائی گئیں، تاہم پولیس نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ حملہ آوروں کا اصل ہدف کون تھا۔پولیس کو فائرنگ کے کچھ ہی دیر بعد جائے وقوعہ کے قریب ایک گاڑی میں آگ لگنے کی اطلاع بھی موصول ہوئی۔
حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا آگ لگنے والی گاڑی کا فائرنگ کے واقعے سے کوئی تعلق ہے یا دونوں واقعات الگ الگ ہیں۔دوسری جانب ایمی ورک کے والد کُلجیت سنگھ نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ فائرنگ براہِ راست گلوکار یا ان کی گاڑی پر کی گئی۔کُلجیت سنگھ کے مطابق ایمی ورک مکمل طور پر محفوظ ہیں اور فائرنگ ممکنہ طور پر کنسرٹ کے منتظمین سے وابستہ ایک گاڑی پر کی گئی۔ واقعے کی مزید تحقیقات کینیڈین حکام کی جانب سے جاری ہیں۔